عمران پر حملے کیخلاف پنجاب کا بینہ کی مذمتی قرارداد،پرویز الہی کا تبلیغی اجتما ع کا دورہ


لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت کابینہ اجلاس نے عمران خان اور دیگر رہنماؤں پر فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی۔ پنجاب کابینہ نے عمران خان اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ حملہ آور کی فائرنگ سے شہید کارکن معظم گوندل کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے شہید کارکن معظم گوندل کے اہل خانہ کے لئے 50لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا جبکہ حملہ آور کو جرات سے پکڑنے والے کارکن ابتسام کے لئے 25لاکھ روپے کا خصوصی انعام کا اعلان کیا گیا۔ چودھری پرویز الٰہی نے کہاکہ ملزم کا بیان محض ڈرامہ ہے، معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے۔ اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ عمران خان اور دیگر رفقاء  محفوظ رہے۔ تحقیقات میں اصل محرکات سامنے لائے جائیں گے۔ رابطہ کاروں کا جلد پتہ چل جائے گا۔ کابینہ نے فائرنگ کرنے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ 90 سے زائد ایجنڈا نکات منظور کئے گئے۔ شاہدرہ میں فلائی اوور تعمیر‘ اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کرایہ فاصلے کی بنیاد پر مقرر کرنے کی منظوری دی۔ لاہور ٹرانسپورٹ کمپنی کا دائرہ کار پنجاب بھر تک بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا اور لاہور میں چلنے والی بسوں کا روٹ مریدکے تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔ رواں مالی سال میں سرکاری اخراجات میں کمی کیلئے کفایت شعاری کے اقدامات کی منظوری دی گئی، جس کے تحت سرکاری ملازمین کے لئے بیرون ملک علاج اور ہوائی سفر پر پابندی ہوگی۔ سرکاری خرچ پر لگژری ہوٹلوں میں ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد پر بھی پابندی ہوگی۔ نئے اضلاع میں ڈسٹرکٹ پولیس دفاتر کیلئے نئی آسامیوں کی منظوری دے دی۔ پولیس میں کانسٹیبل/ ٹریفک اسسٹنٹ کی بھرتیوں کیلئے  محکمانہ تحریری امتحان لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سپیشل برانچ میں ٹیکنیکل کیڈر 226 آسامیوں پر بھرتیوں اور مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم، محکمہ داخلہ کے کنٹریکٹ ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع کی منظوری دی گئی۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس اینڈ سپرنٹنڈنٹس (تقرری برائے ترقی) سروس رولز 2020 میں ترامیم کی منظوری دی گئی، جس کے تحت پولیس کے ٹیکنیکل کیڈر کے ڈی ایس پیز کی ترقی کے لئے فیلڈ پوسٹنگ کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے ریگولر میڈیکل آفیسرز و وومن میڈیکل آفیسرزکی سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں ٹرانسفر پالیسی اور پنجاب فنانشل مینجمنٹ ایکٹ 2022 اورپنجاب پنشن ریفارمز 2022 کی منظوری دی گئی۔ جلو پارک کے قریب سی ٹی ڈی ہیڈکوارٹر میں کاؤنٹر ٹیررزم ٹریننگ سکول کے قیام کی منظوری دی گئی۔ پنجاب شوگر ملز ایسوسی ایشن کو کسی سبسڈی کے بغیر اضافی چینی ایکسپورٹ کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ سیلاب کے دوران متاثر ہونے والے افراد کی مالی امداد کیلئے پیکیج کی منظوری دی۔ پنجاب کابینہ نے مری، کوٹ ادو، تلہ گنگ اور وزیر آباد کو ضلع بنانے کے فیصلے کی توثیق کی اورعلی پور چٹھہ کو تحصیل بنانے کی منظوری دی۔ مری میں موسم سرما میں برفباری کے دوران ایکشن پلان کی منظور ی دی۔ ریسکیو1122 کی خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کا فیصلہ کیا گیا اور مری ایکشن پر عملدرآمد کے لئے ایک ارب روپے مختص کرنے کی منظوری دی گئی۔ پریژنرز پروبیشنل ریلیز ایکٹ 1926 کی دفعہ 2 کے تحت قیدیوں کو رہا کرنے کے اختیار کی منظوری دے دی۔ پنجاب سمال انڈسٹریز کو پنشن کے واجب الادا بل کی ادائیگی کیلئے 200 ملین روپے کی گرانٹ ان ایڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ متحدہ علماء  بورڈ پنجاب ایکٹ 2022 کے مسودے اور پنجاب وقف املاک (اکاؤنٹس) رولز 1982 میں ترمیم کی منظوری دی گئی۔ انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو منظور شدہ خالی آسامیوں پر بھرتی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن