اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور چین کو آئرن برادر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دوستی ناقابل تسخیر ہے، ان کی چینی قیادت سے ملاقاتیں انتہائی نتیجہ خیز اور مفید رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے اپنے حالیہ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران چائنہ گلوبل ٹیلی ویژن (سی جی ٹی این) کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اس دوستی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا سکتا، چاہے کچھ بھی ہو، ہم دوست رہے ہیں، ہم دوست ہیں اور ہم دوست رہیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اپنے دورے کے دوران انہوں نے مسلسل ملاقاتیں کیں، سب سے اہم بات یہ ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیر اعظم لی کی چیانگ کے ساتھ ملاقاتیں سب سے زیادہ دوستانہ، نتیجہ خیز، واضح اور مفید رہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین کو اللہ تعالی نے بے پناہ وسائل اور توانائی سے نوازا ہے، کبھی توسیع پسندی کے عزائم کا اظہار نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن کی پالیسی چین کا راستہ روکنا ہے ان کی پالیسی افسوسناک طور پر غلط ہے، وہ چین کو کبھی بھی قابو میں نہیں رکھ سکیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چین ایک طاقت ہے اور دنیا چین کے بغیر نہیں چل سکتی، چین پرامن ذرائع پر یقین رکھتا ہے، چین اس علاقے میں کمزور رہنے کا متحمل نہیں ہو سکتا، اس لئے چین فوجی طور پر مضبوط ہونے کا حق رکھتا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر /ہیومینٹیرین کوآرڈینیٹر جولیئن ہارنیئس نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم نے جولیئن ہارنیئس کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ملک میں آئے تاریخ کے بدترین سیلاب اور اس کے سیلاب زدہ علاقوں میں لوگوں کی زندگیوں پر پڑنے والے مستقل اثرات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے جولیئن ہارنیئس کو بتایا کہ پاکستان جو پہلے سے ہی معاشی مشکلات سے نبرد آزما ہے، سیلاب کی وجہ سے 40 ارب ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کا سامنا کر رہا ہے۔ جولیئن ہارنیئس نے پاکستانی سیلاب متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی بحالی میں اقوام متحدہ کی طرف سے مکمل حمایت کا اعادہ کیا اور حکومت کے متاثرین کیلئے بروقت ریسکیو، امداد اور بحالی کے اقدامات کو مثالی قرار دیا۔