ادارے اور افسر کیخلاف:عمران کے الزامات نا قابل قبول، حکومت جھوٹوں کیخلاف کاروائی کرے:آئی ایس پی آر

Nov 05, 2022


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پاک فوج نے عمران خان کی جانب سے ادارے کے اعلی افسر کے خلاف کے بنیاد الزامات کا نوٹس لیتے ہوئے ان الزامات کی شدید مذمت کی ہے اور وفاقی حکومت کو درخواست کی ہے کہ پاک فوج کے افسر پر بے بنیاد الزامات عائد کر کے ادارے کا تشخص بگاڑنے اور ساکھ خراب کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی جائے۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے ادارے اور خاص طور پر ایک اعلیٰ فوجی افسر کے خلاف بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات قطعی طور پر ناقابل قبول اور غیر ضروری ہیں۔ پاکستان کی فوج ایک انتہائی پیشہ ور اور نظم و ضبط کی حامل تنظیم ہونے پر فخر کرتی ہے جس کے اندر ایک مضبوط اور انتہائی موثر احتسابی نظام ہے جس کے تحت کسی بھی افسر کی جانب سے کی جانے والی بے ضابطگی پر بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اگر ذاتی مفادات کے حصول کے لئے مفاد پرستوں کی جانب سے افسروں پر بے بنیاد الزامات کے ذریعے ادارے کی عزت، ساکھ اور وقار کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی تو ادارہ اپنے افسروں اور سپاہیوں کی حفاظت کرے گا۔ ادارے اور اہلکاروں پر لگائے گئے بے بنیاد الزامات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں۔ اس طرح کسی کو بھی ادارے یا اس کے سپاہیوں کی بے عزتی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے کہا گیا کہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت پاکستان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس معاملے کی تحقیقات کرائے اور بغیر کسی ثبوت کے ادارے اور اس کے اہلکاروں کے خلاف جھوٹے الزامات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرے۔
آئی ایس پی آر 

مزیدخبریں