ویسٹ مینجمنٹ کمپنی:  طلباء میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے متحرک 


لاہور(خبرنگار)لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیئرمین عاطف چوہدری طلباء میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے متحرک ہیں۔اس مقصد کی تکمیل کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی اور یونیورسٹی آف سینٹرل پنجاب کے شعبہ ماس کمیونیکیشن کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے گئے ہیں۔ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی عاطف چوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور بازاروں میں ’’کوڑا کوڑے دان میں ‘‘ پھینکنے کے کلچر کو پروموٹ کرنا ہے۔سیمینارز اور آرٹ مقابلوں کے ذریعے یونیورسٹی طلباء میں صفائی کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔مزید براں ایل ڈبلیو ایم سی یونیورسٹی طلباء کو انٹرن شپ اور ریسرچ کے مواقع فراہم کرے گا۔ترجمان ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق ایل ڈبلیو ایم سی لاہور کو صاف رکھنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ایل ڈبلیو ایم سی کی عوامی آگاہی مہم کے ذریعے معاشرے میں صفائی سے متعلق شعور بیدار کرنے کیلئے آگاہی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی عاطف چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ ہمارے طلباء  ہمارا مستقبل ہیں، ان کی مدد کے بغیر سوسائٹی میں مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔ یونیورسٹی کے طلباء ، پروفیسرز اور میڈیا ڈیپارٹمنٹ صفائی کے بارے میں عوامی آگاہی دینے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔لاہور ہمارا شہر ہے اور اسے صاف رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ 
چیئرمین عاطف چوہدری نے شہریوں سے بھی گزارش کی ہے کہ شہر میں صفائی کو برقرار رکھنے کیلئے کوڑا ہمیشہ کوڑے دان میں ڈالیں۔صفائی سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔

ای پیپر دی نیشن