لاہور( نامہ نگار+ این این آئی)بین الاقوامی چینی کمپنی نورنیکونے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر ویسٹ انرجی منصوبہ لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ویسٹ انرجی منصوبے پر 250ملین ڈالر لاگت آئے گی ۔ ابتدائی طور پر معاملات طے پا گئے ہیں ۔کوڑاکرکٹ سے انرجی پیدا کرنے والے اس منصوبے سے 50میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ نورینکو کمپنی اور روڈا میںمعاہدے کی منظوری کے بعد جلد منصوبے پرکا م کا آغاز ہوجائے گا ۔چینی کمپنی نے انرجی منصوبہ کے علاوہ ماحولیات اور دیگر منصوبوں میںبھی دلچسپی کا اظہار کیاہے۔جبکہبیجنگ سے آئی این پی کے مطابق چین میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے کہا کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) پاکستان کی چین کو برآمدات کو بڑھانے اور پاکستان کی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ معین الحق نے چائنا اکنامک نیٹ (سی ای این) کو بتایا کہ وبائی امراض سے بچاؤ اور کنٹرول کے اقدامات کی وجہ سے شرکت ممکن نہیں ہے لیکن ہم اپنی مصنوعات کی نمائش کیلئے ایک آن لائن قومی پویلین قائم کریں گے۔گزشتہ سال پاکستان کی چین کو برآمدات کووڈ 19 کے باوجود 3.6 بلین امریکی ڈالر کی ریکارڈ سطح کو چھو گئیں۔ ایکسپو ہمارے لیے بہت اہم ہے کیونکہ چین ہمارا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور ہم چین کو اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے نئے اقدامات کر رہے ہیں۔ یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اس سال 300 سے زائد نمائش کنندگان نے ایک آن لائن ڈسپلے شروع کیا ہے جس میں پاکستانی نمائش کنندگان بھی شامل ہیں۔ چین میں نیشنل بنک آف پاکستان کے چیف نمائندے شیخ محمد شارق نے سی ای این کو بتایا کہ چائنہ انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو (سی آئی آئی ای) پاکستانی برآمد کنندگان کو دنیا کی دوسری بڑی معیشت میں داخل ہونے کیلئے ایک بہترین پلیٹ فارم فراہم کر تی ہے۔ اس سے نہ صرف پاکستان میں اقتصادی اور کاروباری ماحول کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ ملک کو چین کے ساتھ تجارتی توازن کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔