لاہور (خصوصی نامہ نگار ) انجمن اہلحدیث لاہور کے صدر ، معروف دینی سکالر ، درجنوں دینی کتابوں کے مصنف ، جامع مسجد محمدی سنت نگر کے سرپرست اعلیٰ مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ ملک میں جاری وگرگوں سیاسی حالات دنیا میں ہمارے لیے جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں اور چند سیاستدان نادانستگی میں وہ نقصان کر رہے ہیں جس کا انہیں اندازہ نہیں ہو رہا۔ دشمن ممالک دبے لفظوں میں خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے لانگ مارچ کے دوران عمران پر فائرنگ کی مذمت کی اور اسے امن وامان کے خلاف سازش قرار دیا۔ انہوں نے سیاسی کارکنوں سے پر امن رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہمیں ایسے موقعوں کیلئے اپنی اسلامی تعلیمات کو یاد رکھنا چاہیے اور کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جو ملک کیلئے مزید نقصان کا باعث بنے۔ ایک دوسرے پر الزامات اور تہمتیں لگانے سے کیا ملکی حالات سنور جائیں گے۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں خود کو باشعور قوم ثابت کرنے کیلئے سوچنا چاہیے ایسا کب تک چلے گا۔
ملکی سیاسی حالات جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں : مولانا فضل الرحمن بن محمد
Nov 05, 2022