فوڈ پانڈا اور ریکٹ کے در میان معاہدہ

Nov 05, 2022

 
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بیدار کرنے کے لیے فوڈ پانڈا نے ریکٹ کے ساتھ اشتراک کیا ہے۔اس شراکت داری کے لیے حال ہی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں فریقین اکتوبر 2023 تک پانڈا مارٹ کے ذریعے فروخت ہونے والے ویٹ کے ہر یونٹ کے لیے ایک مخصوص رقم عطیہ کریں گے۔چھاتی کے کینسر سے نبردآزما ہونے کے لیے مشترکہ تعاون کے ساتھ ساتھ فوڈ پانڈا اور ریکٹ پاکستان خصوصی طور پر اگلے ایک سال کے لیے اس پلیٹ فارم سے خریدے جانے والے ویٹ کے ہر یونٹ پر دو روپے عطیہ کریں گے ۔ فوڈ پانڈا بھی اپنے صارفین کے ساتھ اس شراکت داری کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے اور پانڈا مارٹ کے ذریعے ویٹ کی خریداری کے سماجی اثرات کے متعلق اپنی بات کو پھیلانے کی کوشش کر ے گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر پانڈا مارٹ عباد احمد نے کہا کہ’’ ایشیاء میں پاکستان میں چھاتی کے کینسر کی شرح سب سے زیادہ ہے۔ پاکستان میں ہر 9 میں سے 1 خاتون میں چھاتی کے کینسر کی تشخیص کا خطرہ ہوتا ہے۔ دیر سے تشخیص اور مناسب سہولیات تک رسا ئی نہ ہونے کی وجہ سے اکثر لوگوں کا اس خطرناک مرض پر توجہ نہیں دیتے۔ ہمارے معاشرے میں چھاتی کے کینسر کے حوالے سے پائے جانے والے دقیانوسی خیالات کے پیش نظر فوڈ پانڈا نے ریکٹ کے ہمراہ مل کر اپنا کردار ادا کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ عوام میں بیداری پیدا کی جا سکے اور چھاتی کے کینسر کی جانچ کے حوالے سے خواتین کی مدد کی جا سکے۔‘‘ڈائریکٹر مارکیٹنگ اے پی اے سی فوڈ پانڈا، جیویر موریسیو ڈیلگاڈو گراناڈوس نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’’ اس شراکت داری کے ذریعے فوڈ پانڈا اور ریکٹ چھاتی کے کینسر سے منسلک دقیانوسی تصورات کو توڑیں گے اور زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو اپنا معائنہ کرنے کی ترغیب دیں گے تاکہ اگر انہیں اپنے جسم میں کسی قسم کی تبدیلی نظر آئے تو وہ مدد طلب کریں تاکہ ابتدا میں ہی اس مسئلے کو حل کر لیا جائے۔ چھاتی کے کینسر کی اگر ابتدائی مراحل میں تشخیص ہو جائے تو یہ کافی حد تک قابل علاج ہے اور اس سے مکمل طور پر صحتیاب بھی ہوا جا سکتا ہے لیکن آپ اس کی تشخیص میں جتنا زیادہ وقت لیں گے، علاج اتنا ہی پیچیدہ ہوتا جائے گا اور مکمل صحت یابی کے امکانات کم ہو جائیں گے۔‘‘ریکٹ پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کاشان حسن نے کہا کہ’’ پاکستان میں ابھی بھی چھاتی کا کینسر بہت سے لوگوں کے لیے دقیانوسی موضوع ہے۔ آپ کو چھاتی کا کینسر تشخیص ہونے کے لیے ایک عورت ہونے کی ضرورت نہیں۔ اس بیماری کے خلاف لڑنے کے لیے آگاہی بیدار کرنا ہی سب سے پہلا قدم ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس اشتراک کی بدولت ہماری کمیونیٹیز کو تشخیص کا سب سے بنیادی کام کرنے میں مدد مل سکے گی۔ صرف جلد تشخیص کی بدولت ہی ہم قیمتی زندگیوں کو بچانے میں مدد کر سکتے ہیں۔‘‘تقریب میں فوڈ پانڈا اور ریکٹ کی اعلیٰ انتظامیہ کے اراکین کے ساتھ ساتھ پاکستان میں کارپوریٹ اور میڈیا کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے معززین نے شرکت کی۔
فوڈ پانڈا

مزیدخبریں