لاہور چیمبر،فاطمہ میموریل ہسپتال میں صحت کی سہولیات کیلئے ایم او یوپر دستخط


لاہور(کامرس رپورٹر ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے فاطمہ میموریل ہسپتال کے ساتھ اپنے ممبران اور عملے کو رعایتی صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق، فاطمہ میموریل ہسپتال، لاہور چیمبر کے ممبران کو 15 فیصد اور عملے کو او پی ڈی کنسلٹیشن، پیتھالوجی لیب، ریڈیولاجی، آئی پی ڈی سروسز، ایمرجنسی اور ڈینٹل سروسز سمیت طبی خدمات پر 25 فیصد رعایت فراہم کرے گا۔ مفاہمی یاداشت پر صدر لاہور چیمبر کاشف انور اور فاطمہ میموریل ہسپتال کے ڈاکٹر زاہد محی الدین نے دستخط کیے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران اور عملے کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کاروباری شعبے میں کلیدی کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سماجی شعبے میں بھی سرگرم عمل ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ تاجر برادری اپنی سماجی ذمہ داریوں کو نبھا رہی ہے اور دکھی انسانیت کی مدد کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ لاہور چیمبر اپنے سماجی اور اخلاقی فرائض کی ادائیگی میں مزید کوششیں جاری رکھے گا۔ڈاکٹر  زاہد محی الدین نے کہا کہ ہمار ا ادارہ عام لوگوں کے لیے مناسب قیمت پر اعلیٰ معیار کی صحت کی دیکھ بھال کی خدمات فراہم کرنے کے لیے وقف ہے۔واضح رہے کہ یہ چوتھی مفاہمتی یاداشت ہے جس پر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے دستخط کیے ہیں۔ 

ای پیپر دی نیشن