عمران خان پر قاتلانہ حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں، کاٹی


کراچی (کامرس رپورٹر)کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری  (کاٹی)کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر فراز الرحمان نے سابق وزیراعظم پاکستان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے، نتیجہ میں ایک کارکن کی شہادت پر شدید مذمت اور برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ عمران خان پر فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کی جتنی مزمت کی جائے وہ کم ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے کے اندر  سیاست میں تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہا  کہ پاکستان کے امن و استحکام، ملکی سالمیت اور اس کے ترقیاتی عمل کو مخدوش کرنے والی ہر سرگرمی کے خلاف ملک کی بزنس کمیونٹی اور پاکستان  کی غیور عوام یکجا ہے۔کاٹی کے صدر فراز الرحمان نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان پر قاتلانہ حملے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں  ہر قسم کے  تشدد، انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے  کے لیے کی جانے والی کوششوں کے ساتھ ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملک دشمن عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان میں امن و امان قائم ہو اور ملک میں استحکام آئے۔ فراز الرحمان نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کیلئے اعلی سطح کی جے آئی ٹی تشکیل دی جائے۔
  جس میں کاؤنٹر ٹیرریزم ڈپارٹمنٹ کو بھی رکھا جائے۔
 تاکہ واقعے کے محرکات کا جائزہ لیا جاسکے اور ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔صدر کاٹی  نے تحریک انصاف کی ریلی میں ایک شخص کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے بھی افسوس، زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا  اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

ای پیپر دی نیشن