لاہور(خصوصی نامہ نگار) چیئرمین اور پاکستان علما کونسل کے دیگر قائدین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان پر حملہ قابل مذمت ہے۔ مجرموں کو گرفتار ہونا چاہیے اور مکمل تحقیق قوم کے سامنے لانی چاہیے۔لیکن حملے کے بعد تحریک انصاف کے کارکنان اورقائدین کی طرف سے ملک کے سلامتی کے اداروں اور افواج پاکستان کے خلاف توہین آمیز مہم قابل مذمت ہے۔ قائدین نے کہا ہے کہ پاکستان علما کونسل واضح کرنا چاہتی ہے کہ تمام سیاسی و مذہبی قائدین کا احترام ضروری ہے لیکن ہمارا دین، ہمارا وطن، افواج پاکستان اور سلامتی کے ادارے ہمارے لیے خط احمر(ریڈ لائن) کی حیثیت رکھتے ہیں۔ چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی ، سیکرٹری جنرل اسعد زکریا قاسمی، مولانا علامہ طاہر الحسن، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا اسلم صدیقی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا سعد اللہ شفیق، مولانا محمد اشفاق پتافی اور مولانا ابوبکر حمید صابری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی قیادت کو اپنے قائدین اور کارکنان کو اِس قسم کی حرکتوں سے باز رکھنا ہوگا۔
طاہر اشرفی