اسلام آباد (نامہ نگار) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان نے معاشرے میں نفرتوں کی جو آگ لگائی،اب خود ہی اسی آگ میں جلنے والے ہیں،سیاست میں اندھی مذہبی جنونیت کا استعمال انہیں لے ڈوبے گا۔ وزیرآباد واقعہ پہ ردعمل دیتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ واقعہ پنجاب کی حدود میں پیش آیا،جہاں پی ٹی آئی کی اپنی حکومت ہے،ملزم کو پی ٹی آئی کارکن نے پکڑ کے پنجاب پولیس کے حوالہ کیا، پنجاب پولیس نے ہی ملزم سے بیان لیا جس میں ملزم نے اعتراف جرم کیا کہ عمران دین کی توہین کے مرتکب ہوئے ہیں لیکن عمران خان اور اس کے رفقا بلاتحقیق وزیراعظم، رانا ثناء اللہ اور آئی ایس آئی کے افسر پہ الزام لگا کر اشتعال پھیلا رہے ہیں، جس سے معاملہ مشکوک ہو گیا ہے،چنانچہ اس معاملہ کی اعلی سطحی تحقیقات ضروری ہو گئی ہے فضل الرحمن نے کہا کل کوئی تیسری قوت فائدہ اٹھا کر ملک و قوم کو مشکل میں ڈال سکتی ہے، عمران مذہب سے ناوقف ہیں لیکن ہر معاملہ میں مذہبی ٹچ دیکر اپنے کارکنوں کو گمراہ کرنے کے علاوہ مذہبی جنونیت کو فروغ دے رہیں۔
فضل الرحمن
عمران نے نفرتوں کی جو آگ لگائی خود اس میں جلنے والے ہیں: فضل الرحمن
Nov 05, 2022