اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک نے خیبر پختونخوا میں صحت کے مضبوط نظام پروگرام کے لیے 100 ملین ڈالر کے مالیاتی معاہدے پر دستخط کردئیے ۔وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز نے حکومت پاکستان جبکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان ریذیڈنٹ مشن کے کنٹری ڈائریکٹر یونگ یی نے معاہدے پر دستخط کیے۔ خیبر پختونخوا حکومت اورایشیائی ترقیاتی پروگرام کے درمیان صوبے میں پروگرام کے نفاذ کے لیے ایک اور معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے۔ دستخطوں کی تقریب میں وفاقی وزیراقتصادی امور سردار ایاز صادق بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ وزارت اقتصادی امور نے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ 1.5 ارب ڈالر کے معاہدے پر بھی دستخط کیے تھے جبکہ بلوچستان، خیبرپختونخوا اور سندھ میں سیلاب سے متاثرہ بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے موجودہ ترقیاتی منصوبوں سے 475 ملین ڈالر بھی دوبارہ خرچ کیے جا رہے ہیں۔
دستخط
خیبر پختونخوامیں صحت پروگرام پاکستان اوراے ڈی پی میں 100 ملین ڈالرکے معاہدے پردستخط
Nov 05, 2022