کراچی (نیوز رپورٹر) گورنر سندھ نے کہا کہ یہ اٹل حقیقت ہے کہ افواجِ پاکستان کی موجودگی میں دشمن ہمیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی ہر چیز پر مقدم ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستا ن کے دفاع کے لئے جان قربان کرنے والے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے لکھی گئی کتاب "گمنام سپاہی‘‘کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے مصنف حسن علی آگریا کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اس سے قبل شان حیدر لکھ کر شہداکو خراج تحسین پیش کیا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ ہمارا ملک آج اندرونی اور بیرونی سازشوں کا سامناکررہا ہے، معاشی میدان میں ہمیں بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے، کیونکہ دوسال کورونا نے ہماری معیشت کو متاثر کیا، اس کے بعد اگست میں ہونے والی بارشوں نے خصوصا صوبہ سندھ کی زراعت کو تباہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج پاکستان کے دفاع کی ضامن ہے۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ بنانے میں افواج پاکستان اور گمنام سپاہیوں کا کلیدی کردار ہے کیونکہ انہوں نے کراچی سمیت وانا، سوات، بلوچستان اور ملک کے دیگر حصوں سے دہشت گردی کو ختم کرکے نہ صرف امن قائم کیابلکہ پاکستان کو شام، یمن، مصر، لیبیا اور عراق ہونے سے بچایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہیدوں کے خون کا خراج ہی ہے جو آج ہم ایک آزاد وطن میں زندگی گزار رہے ہیں۔ پاکستانی قوم افواج پاکستان کے شہیدوں سے جتنی عقیدت و محبت رکھتی ہے اسکی مثال دنیا میں شاید ہی کہیں ملتی ہو اور دشمن جتنی بھی سازشیں کرلیں وہ افواج پاکستان سے قوم کی لازوال محبت کم نہیں کرسکتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ وقت اتحاد و اتفاق کا ہے، انتشار پھیلانے کا نہیں اور ہم سب کو من الحیث القوم اپنے وطن کے مفاد کی خاطر کام کرنا ہوگا۔
گورنر سندھ