امریکیوں کی ایک واضح اکثریت کو ملک میں سیاسی تشدد کےخطرہ میں اضافے کی تشویش لاحق ہے۔ایک نئے سروے کے مطابق،10 میں سے تقریبا 9 امریکیوں ،88 فیصد ، کو تشویش ہے کہ سیاسی تقسیم اس حد تک شدت اختیار کر گئی ہے کہ ملک میں سیاسی تشدد کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ اے بی سی نیوز/واشنگٹن پوسٹ کے اس سروے میں تریسٹھ فیصد امریکی اس حوالے سے "بہت" فکر مند ہیں۔ اس کے برعکس، اس سوال پر کہ اس خطرے کے لیے کون سی سیاسی جماعت زیادہ ذمہ دار ہے،اس پر بہت کم فرق کے ساتھ 31 فیصد شہریوں نے ریپبلکن پارٹی کو مورد الزام ٹھہرایا، 25 فیصد نے ڈیموکریٹک پارٹی کو اور 32 فیصد کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتیں یکساں طور پر قصور وار ہیں۔ صرف 11 فیصد نے دونوں پارٹیوں میں سے کسی ایک کو بھی مورود الزام نہیں ٹھہرایا۔ یہ سروے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے شوہر پال پیلوسی پر سان فرانسسکو میں ان کے گھر پر ایک حملہ آور کی جانب سے ہتھوڑے سے حملہ کرنے کے ایک ہفتے بعد کیا گیا ہے۔