اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاو¿نڈ سکینڈل اور توشہ خانہ نیب تحقیقات کیسز میں چیئرمین پی ٹی آئی کی ضمانت بحالی کی اپیل سات نومبر کو سماعت کے لیے مقرر کردی ہے۔ چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔ عدالت نے الیکشن کمشن کو اپیل میں نوٹس جاری کر رکھے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے 5 اگست کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کر رکھا ہے۔ ادھر سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس میں عمران خان کو عدالت میں پیش ہونے کا موقع فراہم کر دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے نیب ترامیم کیس کی 31 اکتوبر کی سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کر دیا، جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نیب ترامیم میں مرکزی درخواست گزار ہیں۔ عدالت تمام فریقین کو نوٹسز جاری کرتی ہے۔ عدالتی حکم کی نقل اڈیالہ جیل میں قید چیئرمین پی ٹی آئی کو پہنچائی جائے، اگر پی ٹی آئی چیئرمین عدالت میں پیش ہونا چاہیں تو جیل سپرنٹنڈنٹ انتظامات کریں۔