کشمیری کل یوم شہدا منائینگے، عالمی برادری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: حریت کانفرنس

Nov 05, 2023

نئی دہلی‘ سرینگر(کے پی آئی )کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری 06 نومبر بروز پیر یوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جدوجہد جاری ر کھیں گے،اس موقع پر مظاہروں، سیمینارز اور دیگر پروگراموںکے ذریعے شہدائے جموںکو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کی فورسز، بھارتی فوجیوں اور ہندو انتہا پسندوں نے1947میں نومبر کے پہلے ہفتے میں لاکھوں کشمیریوں کو جموں کے مختلف حصوں میںاس وقت شہید کیا تھا جب وہ پاکستان ہجرت کر رہے تھے۔ کشمیری ہر برس جموں قتل عام کے شہداکو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے 06 نومبر کویوم شہدائے جموںکے طور پر مناتے ہیں۔مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے شہدائے جموںکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نومبر 1947 میں جموں میں مسلمانوں کا بے دریغ قتل عام جموں وکشمیر کی تاریخ کا ایک انتہائی ہولناک واقعہ ہے جسکی خوفناک یادیں 76برس کا طویل عرصہ گرزنے کشمیریوں کے ذہنوں میں تازہ ہیں۔ شبیر احمد شاہ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہندو انتہا پسندوں نے نومبر 1947 میںڈوگرہ مہاراجہ ہر سنگھ کے تعاون اور مدد سے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے مذموم ارادے کے ساتھ جموں خطے کی پوری مسلم آبادی کا صفایا کردیا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیرمیں انتظامیہ نے ایک اہم فیصلے میں سرکاری ملازمین کو خبر دار کیا ہے کہ وہ اپنے مطالبات اور مسائل کے حوالے سے کسی بھی قسم کی ہڑتال یا مظاہرے کا اہتمام نہ کریں اور جو بھی ملازم سرکاری احکامات کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے گا اس کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی اور اس کی یہ حرکت ایک سنگین خلاف ورزی قراردیا جائے گا۔ مقبوضہ جموں وکشمیر میں نئی دہلی کے زیر کنٹرول سپیشل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایس آئی اے)نے جموںخطے کے ضلع پونچھ میں ایک گھر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ایس آئی اے کے اہلکاروں نے علی الصبح ضلع کے علاقے کنویاں میں محمد حافظ نامی شہری کے گھر کی تلاشی لی۔ چھاپے کے وقت محمد حافظ گھر پر موجود نہیں تھے۔دریں اثنا بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس اورپولیس اہلکاروں نے ہفتہ کو علی الصبح ضلع پونچھ کے کوپرا ٹاپ، بچیاں والی، شیندرا، ٹھنڈی کاسی، محلہ سیداں اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی مشترکہ کارروائی شروع کی جو آخری اطلاعات تک جاری تھی۔ علاوہ ازیں مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں ایک 26 سالہ لاپتہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے ۔

مزیدخبریں