اسحاق ڈار الیکشن سیل کے چیئرمین مقرر‘ داتا دربار حاضری 

اسلام آباد‘ لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نیوز رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ سے دو مرتبہ آئین شکنی کے مرتکب قرار دیئے جانے کے بعد صدر عارف علوی کو اخلاقی جرا¿ت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مستعفی ہو جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی آئینی مدت ویسے بھی پوری ہو چکی ہے۔ زیادہ گریس فل ہوگا کہ وہ خود ہی مستعفی ہو جائیں۔ وہ عدالتی ریمارکس کی وجہ سے خود استعفیٰ دے دیں اور چیئرمین سینٹ‘ قائم مقام صدر بن جائیں گے۔ ماضی میں ہو چکا کہ وسیم سجاد چیئرمین سینٹ اور قائم مقام صدر رہ چکے۔ دریں اثنا سینیٹر اسحاق ڈار نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانیز کیلئے پارلیمان میں نمائندگی کی تجویز زیر غور ہے۔ نواز شریف کی قیادت میں ملک کو ترقی کی جانب گامزن کر نے کی دوبارہ کوشش کریں گے۔ بد اخلاقی کرنے والے ہم میں سے نہیں، نوجوان نسل کو گمراہ کرنے کی بجائے کارکردگی کے حقائق سے روشناس کروانے کی ضرورت ہے۔ سینئر نائب صدر اور چیف کو آرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک نے مسلم لیگ (ن ) کے انٹرنیشنل افئیرز کے صدر اور سابق وزیرخزانہ سینیٹر اسحق ڈار سے لاہور میں خصوصی ملاقات کی جس میں انٹرنیشنل فورم پر جاری تنظیم سازی کی رپورٹ صدر انٹرنیشنل افئیرز پیش کی اور حل طلب معاملات پر گفتگو کی گئی۔ قبل ازیں رات کے پچھلے پہر لاہور میں دونوں لیگی راہنماﺅں نے حضرت داتا گنج بخش ہجویری کے مزار پر حاضری دی۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ بچپن سے زمانہ طالب علمی اب جب لاہور آنا ہو ،داتا صاحب سلام باعث سعادت اور محبت ہے۔ محترم اسحق ڈار صاحب کیساتھ داتا صاحب حاضری ایک سعادت ہے۔ سینیٹر اسحق ڈار نے بیرسٹر امجد ملک کو سینٹ آف پاکستان کے تحائف دیکر رخصت کیا۔ علاوہ ازیںپاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے سنیٹر اسحاق ڈار کو پارٹی کے الیکشن سیل کا چیئرمین مقرر کر دیا ہے۔ پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ سنیٹر اسحاق ڈار کو الیکشن سیل کا سربراہ بنانے سے مسلم لیگ (ن) کی انتخابات سے متعلق سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن