لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صدر پاکستان مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ غزہ میں قتل عام پر عالمی اداروں کی بے بسی شرمناک ہے۔غزہ میں عالمی نیوز ایجنسی کے دفتر پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میڈیا پر حملے سچائی اور معصوم فلسطینیوں کے قتل عام کے حقائق کو دنیا تک پہنچنے سے روکنے کی مجرمانہ کوشش ہے،ثابت ہوا کہ ظالم اور قابض صیہونی ریاست صرف مسلمانوں ہی نہیں، سچائی اور اختلاف کی ہر آواز کی دشمن ہے۔انہوں نے کہا کہ ناجائز ریاست ناجائز اقدامات سے اپنے جرائم چھپا نہیں سکتی، صیہونی ریاست کا ظلم نہ روکا گیا تو مظلوموں کے لہو اور آنسوو¿ں سے آنے والا طوفان نوح سب کچھ بہا لے جائے گا،نہتی عام آبادی، ایمبولینسز، سکولوں، بیماروں، بچوں اور خواتین پر بم برسانا پرلے درجے کی بزدلی ہے۔صدر مسلم لیگ ن کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ مقتل گاہ بنا ہوا ہے، بے گناہ عام شہریوں کے ساتھ ساتھ صحافی بھی قتل ہو رہے ہیں،صیہونی ریاست عالمی مجرم بن چکی ہے جو عالمی قوانین، جنیوا کنونشن، انسانیت کے ہر ضابطے کو پامال کر رہی ہے۔