اسلام آباد/میانوالی (نمائندہ خصوصی+خبر نگارخصوصی+نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت +نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا، سکیورٹی فورسز نے پی اے ایف ٹریننگ ایئر بیس پر ائیربیس میانوالی پر کلیئرنس آپریشن میں تمام9دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ، جبکہ صدر مملکت عارف علوی ، وزیراعظم انوار الحق نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ آئی ایس پی آرکے مطابق دہشتگردوں نے میانوالی ٹریننگ ائیربیس پر ہفتہ کی صبح حملے کی کوشش کی جس پر پاک فوج نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے حملے پر پاک فوج نے بر وقت اور مثر کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملہ ناکام بنایا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں 3دہشتگرد مارے گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے سے گراﺅنڈ کیے گئے 3 طیاروں اور فیول باوزر کو نقصان پہنچا ،جب کہ جوانوں نے اثاثوں کی حفاظت کو یقینی بنایا۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔آئی ایس پی آرکے مطابق حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کے لیے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔ علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز پر دہشتگردوں کے حملوں کی نئی لہر کے ساتھ سوشل میڈیا پر بھی پاکستان مخالف مہم شروع ہوگئی ہے۔ پسنی، میانوالی ایئربیس پر دہشتگردوں نے حملہ کئے، مگر دہشتگردوں کے فورسز پر حملوں کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر پاکستان مخالف پوسٹس کا سیلاب امڈ آیا ہے۔’را‘ سے جڑے ایکس اکاو¿نٹس نے میانوالی حملے سے پہلے ہی اشارہ دیا ’کچھ بڑا ہونے والاہے‘۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پر پیشگی آنے والی پوسٹس اشارہ کرتی ہیں دہشتگردوں اور ’را‘ کا گٹھ جوڑ ہے، میانوالی ایئربیس حملے کی ناکامی کے بعد بھارتی میڈیا نے پروپیگنڈا شروع کیا کہ پاک فضائیہ کا بہت نقصان ہوا ہے۔بھارتی خفیہ ایجنسی سے جڑے اکاو¿نٹس پر کہا گیا پاکستان کے نقصان پر خوشیاں منائی جائیں، جبکہ ایک سیاسی جماعت سے جڑے ٹرولز نے بھی شہداءکی بے حرمتی میں ہندوستانی پروپیگنڈا کا ساتھ دیا ہے۔ دریں اثناءصدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے گوادر میں پاک فوج کے قافلے اورمیانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشتگردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہیں۔ ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حملوں میں قیمتی جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا اور اپنی جانوں کا کا نذرانہ پیش کرنے پر شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرمملکت نے کہاکہ دہشت گرد ملک اور قوم کے دشمن ہیں اوردہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کوششیں جاری رکھیں گے ۔ صدرمملکت نے کہاکہ دہشت گردی کے ناسور کے ملک سے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔صدرنے شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے شہدا کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔صدر مملکت نے میانوالی میں ٹریننگ ایئر بیس پر حملے کی بھی مذمت کی اور دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر ِ اطمینان کا اظہار کیا۔ اپنے بیان میں نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے کہاکہ میانوالی میں دہشت گردی کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنا کر پاک فضائیہ نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ۔ ایک ٹویٹ میں نگران وزیراعظم نے کہاکہ ہماری سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا ڈٹ کر اورغیرمتزلزل عزم کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔ نگران وزیراعظم نے پاک فضائیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ قوم آپ کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم آپ کی ہمت اور عزم کو سلام پیش کرتے ہیں۔دریں اثناءچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے دہشتگردوں حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فورسز کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں تینوں دہشتگرد جہنم واصل ہوئے۔پاک فوج کے بہادر سپوتوں پر پوری قوم کو فخر ہے۔ مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے، دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں جو کہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی پاکستان ائیرفورس ٹریننگ ائیربیس میانوالی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں اور پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے میانوالی ٹریننگ ائیر بیس پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ ہماری سکیورٹی فورسز بہادری سے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ سکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ،دہشت گردی کے خاتمے میں قوم کی نجات ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ بچے کچھے دہشت گرد اپنے مذموم عزائم سے قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ملک میں انتہاپسندی، نفرت اور تقسیم کی آئیڈیالوجی کو ختم کرنا ہوگا۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے سیکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملانے پر اظہار اطمینان کےا اور کہا کہ میانوالی ایئر بیس پر حملہ کرنے کے منصوبہ سازوں کو بے نقاب کرکے نشان عبرت بنایا جائے 'آصف علی زرداری کا دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنانے پر سیکیورٹی اداروں کے بہادر جوانوں کو خراج تحسین پےش کےا ،: سیکرٹری جنرل۔پیپلز پارٹی سید نیر بخاری، اور سینیٹر شیری رحمان نے بھی میانوالی میں ائیرفورس بیس پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کی ہے، نیر بخاری نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائے۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ پسنی اور میانوالی کے واقعات پر 9 مئی کے مکروہ چہرے اور ”را“ کے ایجنٹ یک زبان ہیں۔ شہداءکی قربانیوں کا مذاق اڑانے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ سابق وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیاں سنہری حروف میں لکھی جائیں گی۔ قوم شہداءکی قرض دار ہے، حمزہ شہباز نے کہا کہ دہشتگرد اپنے مذموم حملوں سے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ قوم کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے ہم پ±رعزم ہیں۔ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے میانوالی ایئر بیس کا دورہ کیا۔ ایئر چیف نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بنانے پر پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی غیرمتزلزل پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ ایئر چیف نے اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ ایئرچیف نے پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے پاک فضائیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔ ایئرچیف نے ضرار کمپنی اور سول اداروں پر مشتمل جوائنٹ آپریشنز ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
میانوالی ایئربیس پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام، 9جہنم واصل
Nov 05, 2023