امارات ایک ہزار زخمی فلسطینی بچوں کو علاج کی سہولت فراہم کرےگا

Nov 05, 2023

ابوظہبی(این این آئی)امارات ایک ہزار زخمی فلسطینی بچوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے گا۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق الشرق الاوسط کے مطابق اماراتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ نورة الکعبی نے ابوظبی میں پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ ایسے عالم میں جبکہ ہم غزہ جنگ بند کرانے کےلئے مسلسل کوشاں ہیں ،جنگ کا دائرہ وسیع ہونے کا خطرہ نظر انداز نہیں کرسکتے۔انہوںنے کہاکہ خطے میں جنگ کا ٹمپریچر کم کرنا ہوگا جو ابال کی حد تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ کا خطرہ غزہ سے پورے علاقے میں پھیلنے کا خطرہ اور مزید کشیدگی کا امکان حقیقی ہے۔ انہوںنے کہاکہ انتہا پسند تنظیمیں صورتحال سے ناجائز فائدہ اٹھا کر اپنے نظریات کے فروغ کےلئے کام کررہی ہیں۔ اماراتی وزیر نے کہا کہ شہریوں کے تحفظ اور جنگ کے فوری خاتمے کےلئے ہر ممکن کوشش کرنا ہوگی۔ امارات نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ غزہ کے ایک ہزار فلسطینی بچوں کو علاج کی سہولتیں فراہم کرے گا تاہم محصور غزہ سے فلسطینی بچوں کے امارات پہنچنے کے طریقہ کار کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔

مزیدخبریں