لاہور (آئی این پی ) انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی واقعات میں گرفتار 81 ملزمان کو جیل سے عدالت طلب کر لیا۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے چار مقدمات میں نامزد 81 ملزمان کی 15 نومبر کو طلبی کے نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔ عدالت نے گرفتار نہ ہونے والوں اور ضمانتوں پر رہا ملزمان کے متعلق پراسیکیوٹر کو ہدایت لے کر آنے کا بھی حکم دیا ہے۔ انسداد دہشتگردی عدالت نے نیشنل پارک کے سامنے کنٹینر جلانے کے کیس میں 21 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا، گلبرگ میں کنٹینر جلانے کے کیس میں 31 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے پرائم منسٹر ہاوس حملہ کیس میں نامزد 17 ملزمان کو بھی طلب کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن ہاس جلانے کے کیس میں بھی 12 ملزمان کی طلبی کا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ نیا چالان آیا ہے، چالان میں شامل ملزمان کو طلب کیا جاتا ہے، اس مقدمہ میں دیگر ملزمان کی حد تک چالان بھی پیش کیا جائے جس پر پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ جو ملزمان زیر حراست ہیں اور جیل میں ہیں انکا چالان پیش کیا گیا ہے، ملزمان میں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری اور میاں محمود الرشید سمیت دیگر شامل ہیں۔