اسلام آباد ( آئی این پی) پاکستان کی نجی ایئرلائن سیرین ایئر نے 18 نومبر 2023 سے کراچی سے بیجنگ براستہ اسلام آباد ہفتہ وار 2 پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایئر لائن کے نمائندے نے گوادر پرو کو بتایا کہ پرواز کے ایچ آئی-آئی ایس بی-پی کے ایکس ڈاکسنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گی، جو بیجنگ سروس فراہم کرنے والے دو بین الاقوامی ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے، دوسرا بیجنگ کیپیٹل انٹرنیشنل ایئرپورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے چین کے لئے نئی براہ راست پرواز پاکستانی اور چینی مسافروں بشمول کاروباری برادری اور طلبا کو چین اور پاکستان کے درمیان مختلف شہروں تک براہ راست پہنچنے کے لئے زیادہ سستی سفری سہولت کے مواقع فراہم کرے گی۔ گوادر پرو کے مطابق انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے پاکستان میں چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے دونوں ممالک کے اہلکاروں کو بھی سہولت ملے گی۔ ایئر لائن نے جنوری 2021 میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات(یو اے ای) کے لئے اپنی پہلی بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کیا اور بین الاقوامی سطح پر توسیع کے لئے پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے اجازت حاصل کی۔ گوادر پرو کے مطابق نجی ملکیت والی کم لاگت والی ایئرلائن 2017 سے اندرون ملک پروازیں چلا رہی ہے۔ پاکستانی قانون کے مطابق کسی بھی ایئر لائن کو غیر ملکی منڈیوں میں پھیلنے سے پہلے کم از کم ایک سال تک ملک کے اندر پرواز کرنی ہوتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق اس سے قبل قومی ایئرلائن پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے ایئر چائنا کے اشتراک سے بیجنگ کے راستے پاکستان اور چین کے 16 دلکش شہروں کے درمیان منسلک پروازوں کا آغاز کیا تھا۔