پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کے خلاف درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری

Nov 05, 2023

لاہور(خبرنگار)لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس راحیل کامران شیخ نے پی آئی اے کی ممکنہ نجکاری کیخلاف درخواست پرسماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت اور فریقین کو30 نومبر تک تحریری جواب طلب کرلیا۔2 صفحات پر مشتمل تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ درخواست میں آئینی اور مفادِ عامہ کے سوالات اٹھائے گئے ہیں۔درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ نگراں حکومت کے پاس پی آئی اے کی نجکاری کا کوئی اختیار نہیں، درخواست گزار وکیل نبیل جاوید کاہلوں نے موقف اپنایا کہ پی آئی اے کی نجکاری قومی مفاد کا معاملہ ہے، جو کہ عدالت کے اختیار میں ہے ۔ نگران حکومت کے پاس پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے میں دخل اندازی کرنے کا کوئی اختیار نہیں ہے۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نگران حکومت کا اختیار محدود ہے ،نگران حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری پی آئی اے ایکٹ 2016ءکے خلاف ہے۔

مزیدخبریں