راولپنڈی(جنرل رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل پنجاب آرٹس کونسل سید بلال حیدر کے زیر سایہ لوک میلہ اسلام آباد میں بنایا گیا پنجاب پویلین مقامی اور غیر ملکی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔صبح سے لیکر رات تک دستکاریوں کے ساتھ ساتھ فوک موسیقی کا تڑکا شائقین کو خوب محظوظ کر رہا ہے،دہی بھلے،ساگ روٹی،جلیبی اورکھابے کے اسٹالز پر بھی شہریوں کا خاصہ رش ہے، ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمدکا کہنا تھا کہ میلے کا مقصد علاقائی ثقافت کا فروغ ہے۔لوک میلہ چاروں صوبوں،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے درمیان ثقافتی اتحاد ویکجہتی کا ضامن ہے،دوسرے روز آرٹس کونسل کی جانب سے پنجاب کے راویتی کھیل کبڈی کا انعقاد کیا گیا،راولپنڈی اور چکوال سے آئی دونوں ٹیموں نے خوب داوءپیچ لڑائے،مقابلے کا حتمی سکور 24-18 تھا۔مقابلے کے اختتام پر دونوں ٹیموں میں انعامات اور تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔