افغانستان کے وزیر اعظم ملا حسن اخواند نے پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ افغانیوں کی تذلیل نہ کریں بلکہ انہیں وطن واپسی کے لیے وقت دیا جائے تاکہ وہ عزت کے ساتھ اپنے ملک جا سکیں۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق افغانستان کے عبوری وزیر اعظم ملا حسن اخوند نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم مہاجرین کا مال ضبط کرنا، ان کی تذلیل کرنا اور ان کے گھروں کو مسمار کرنا کون سے قانون میں ہے؟انہوں ںے کہا کہ یہ ایک عجیب سی ہدایت ہے جو پاکستان کی نگران حکومت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کی ہے۔ آپ آئندہ کا خیال کیوں نہیں کر رہے۔ کسی کا مال ضبط کرنے والے آپ کون ہیں؟افغان وزیر اعظم نے کہا کہ اگر آپ کا امارت اسلامی کے ساتھ کوئی مسئلہ ہے تو وہ افہام و تفہیم اور بات چیت سے حل ہو سکتا ہے۔ آپ بیٹھیں اور بتائیں کہ کیا مشکل درپیش ہے اس پر بات کر لیں گے۔انہوں نے پاکستانی حکومت سے کہا کہ آپ ہمارا غصہ غریب عوام پر مت نکالیں بلکہ ہم سے بات کریں۔
افغانیوں کو وطن واپسی کیلئے وقت دیا جائے، ان کی تذلیل نہ کریں: افغان وزیر اعظم
Nov 05, 2023 | 11:24