پی آئی اے کوڑیوں کا مال نہیں خریدنے کیلئے ہرحدتک جائیں گے : گنڈاپور

پشاور(بیورو رپورٹ)وزیراعلیٰ خیبر پی کے سردارعلی امین گنڈاپور نے شریف فیملی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلی تھیلے سے باہرآگئی ہے، شریف فیملی قومی ایئر لائن کو اونے پونے داموں خود خریدنا چاہتی ہے۔پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کو خریدنے کے لئے ہر حد تک جائیں گے ۔پی آئی اے کوکوڑیوں کے بھائو نہیں بیچنے دینگے، اگر ہم نے قومی ایئرلائن کو خرید لیا تو نام پی آئی اے ہی برقرار رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ 9 تاریخ کو صوابی انٹرچینج پر جلسہ کریں گے‘ یہ ایک طرح کا خیبر پی کے کا جرگہ ہوگا جس میں باقی پاکستان سے بھی لوگ آئیں گے، ان کے لیے ہم نے ایک لائحہ عمل دینا ہے، اس میں فیصلہ کرنا ہے، اس کے مطابق اعلان کیا جائے گا کہ کیسے نکلنا ہے، کہاں، کہاں سے نکلنا ہے، کس طریقے سے نکلنا ہے‘ پاکستان کو کیسے بند کرنا ہے، ہم سب احتجاج کریں گے۔ کارکنان اور حامیوں کو کنفیوز کرنے کے لیے طرح طرح کی باتیں کی جا رہی ہیں‘ آپ کا مقصد سامنے ہے کہ پاکستان میں حقیقی آزادی، خود مختاری، قانون کی بالادستی اپنے آئین کا تحفظ اور اپنے اداروں کا تحفظ، اپنا مینڈینٹ جو ہم نے واپس لینا ہے، آپ کے ذہن میں یہ واضح ہے۔وزیر اعلیٰ خیبر  پی کے نے کہا کہ عجیب بیانیے بنائے جا رہے ہیں کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کے لیے میں نے کردار ادا کیا ہے، کیا میں نے کسی کو بتایا؟ جب مجھے بتانا ہوگا تو میں بتادوں گا، لوگ بیٹھ کر میری بات کرتے ہیں، اگر مجھے کچھ بتانا ہوگا تو منہ ہے، میں خود بتادوں گا، میرے ساتھ کیا ہوا، یہ میں بتاؤں گا یا کوئی اور بتائے گا، اوروں کی نہیں آپ میری بات پر یقین کریں۔انہوں نے کہا کہ مقصد قریب ہے، اس پر توجہ دیں، ہم آگے ہوں گے، قیادت کریں گے، پیچھے آپ ہوں گے۔

ای پیپر دی نیشن