شمالی وجنوبی وزیرستان : افغانستان سے دارندازی ناکام : اسکیورٹی فورسز کیساتھ جھٹریوں میں 6دہشتگردہلاک، 3زخمی

Nov 05, 2024

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) فورسز نے جنوبی وزیرستان میں افغانستان سے دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 5 دہشت گردوں جبکہ شمالی وزیرستان میں کارروائی کر کے ایک دہشت گرد کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 3 اور چار نومبر کی درمیانی شب خیبر پی کے کے دو اضلاع میں کارروائیوں کے دوران 6 خوارجیوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔ شمالی وزیرستان کے عام علاقے دوسالی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔ فائرنگ کا شدید تبادلہ ہوا جس میں خارجی دہشت گرد احمد شاہ عرف انتظار ہلاک ہو گیا۔ سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے خامرنگ میں پاک افغان سرحد کے ذریعے دراندازی کی کوشش کرنے والے خوارج کے ایک گروپ کی نقل و حرکت پر بروقت کارروائی کی اور دراندازی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے میں 5 خوارج ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان مستقل طور پر عبوری افغان حکومت سے اپنی سرحد کے مؤثر انتظام کی درخواست کرتا رہا ہے۔ عبوری افغان حکومت سے توقع ہے کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔ ادھرنوشکی میں سکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ایک دہشتگرد ہلاک ہو گیا۔

مزیدخبریں