لاہور‘شیخو پورہ (لیڈی رپورٹر‘نامہ نگاران‘نمائندہ خصوصی) شہر میں سموگ کی صورتحال بگڑنے کا معاملہ‘سرکاری و پرائیویٹ پرائمری سکول ایک ہفتے کیلئے بند کردیئے گئے۔ ماحولیاتی آلودگی میں اضافہ کے باعث نرسری تا پانچویں جماعت تک سکولوں کو ایک ہفتے کیلئے بند کردیا گیا۔ چھٹیوں کے احکامات کا اطلاق سرکاری و پرائیویٹ دونوں سکولوں پر ہوگا۔ پرائمری سکولز دوبارہ 11 نومبر بروز پیر سے کھلیں گے۔ سی ای او ایجوکیشن لاہور نذیر حسین کے مطابق احکامات پر عملدرآمد نہ کرنے والے سکولوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔ سموگ میں کمی کیلئے لاہور میں جمعہ اور ہفتہ کو سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز بند کرنے کی تجویز سامنے آ گئی۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی میں پنجاب پولیس سموگ کی روک تھام اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے ان ایکشن ہے۔ لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں سموگ کا سبب بننے والے عوامل کے خلاف پنجاب پولیس کی ترجیحی کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں برس کے دوران لاہور سمیت مختلف اضلاع میں سموگ کریک ڈاؤن کے دوران 1074 ملزم گرفتار ہوئے، جن کے خلاف1351 مقدمات درج کئے گئے۔صوبائی دارالحکومت میں سموگ کریک ڈاؤن پر 73 ملزمان گرفتار کرتے ہوئے 186 مقدمات درج کئے گئے۔ انسداد سموگ کے حوالے سے سیف سٹیز ہیڈ کوارٹر میں میٹنگ منعقد ہوئی۔ شیخوپورہ میں بھی سموگ کی اے کیوآئی میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا ہے۔ سموگ کے باعث بچے بوڑھے جوان آنکھوں ،گلے، زکام ، بخار کے امراض میں مبتلا ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ شیخوپورہ فیکٹری ایریا ہونے کے باعث سموگ کا گڑھ بن چکا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ محکمہ ماحولیات کے کرپٹ افسران سموگ کا بڑھانے میں اہم کردار ہے۔ محکمہ ماحولیات نے سموگ سے متعلق ریڈ الرٹ جاری کر دیا۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق لاہور کو سموگ کے نئے سپیل کا خطرہ ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں میں بھارتی ہواؤں کا رخ پاکستان کی طرف ہو گا۔ لاہور کی طرف آنے والی ہوا کی رفتار 4 سے 8 کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی۔ لاہور کا ائیر کوالٹی انڈیکس ایک بار پھر شدید متاثر ہونے جا رہا ہے۔ عالمی ویب سائٹ کے مطابق ملتان میں بھی فضائی آلودگی میں اضافہ ہوا ہے۔ شہر میں اے کیو آئی انڈیکس 485 ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہوا میں آلودگی عالمی ادارہ صحت کی حد سے 63 گنا زیادہ ہے۔ بوسن روڈ پر ائیر کوالٹی انڈیکس 363 ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ صدر بازار ملتان میں اے کیو آئی 645 ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
سموگ، لاہور میں جمہ ، ہفتہ کو سکولز ، کالجزم یوینورسٹیزبند کرنے کی تجویز
Nov 05, 2024