اسلحہ کی نمائش کرنیوالوں کو قانون کی گرفت میں لایاجائے : آئی جی پنجاب

لاہور(نامہ نگار)ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں ملزمان سے 1437 کلاشنکوفیں، 37420 پسٹل، 3136 بندوقیں، 2783 رائفلز، 689 ریوالور اور لاکھوں کی تعداد میں گولیاں اور کارتوس برآمد کئے گئے ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونیوالے کریک ڈاؤن کے دوران ملزمان سے 123 کلاشنکوف،7918 پسٹل، 564 رائفلز،298 بندوقیں،123 ریوالور اور44 ہزار گولیاں و کارتوس بھی برآمد کئے گئے ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ ٹک ٹاک ویڈیوز میں اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزمان کو بلاتفریق قانون کی گرفت میں لایا جائے۔ اسلحہ کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس اور سٹاک کی انسپکشن کا عمل باقاعدگی سے سر انجام دیا جائے۔آر پی اوز، ڈی پی اوز ناجائز اسلحہ کے کریک ڈاؤن کی ہفتہ وار رپورٹس باقاعدگی سے سنٹرل پولیس آفس بھجوائیں۔

ای پیپر دی نیشن