لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے لاہور چیمبر میں اجلاس سے کہا 8 ماہ کے دوران وفاقی و صوبائی حکومتوں معاشی حوالے سے بہت کام کیا ہے اور اب انڈیکیٹرز میں کافی بہتری نظر آرہی ہے۔ وفاقی اور پنجاب حکومت کاروباری آسانیوں کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھارہی ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور سابق صدر محمد علی میاں نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ صوبائی وزیر نے کہا وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلی مریم نواز اور ان کی ٹیموں کی محنت سے مجموعی معیشت میں بہتری آئی ہے۔ سٹاک مارکیٹ ریکارڈ قائم کرچکی ہے۔ مارک اپ 17فیصد پر آگیا جس میں مزید کمی متوقع ہے جبکہ افراط زر 3 سال سے 30فیصد پر تھا جب اب کم ہوکر 11 بارہ فیصد کے لگ بھگ ہے۔ لوگ ریئل سٹیٹ میں زیادہ انویسٹمنٹ کررہے تھے مگر اب صنعت سازی کی طرف راغب ہونگے۔ وزیر خزانہ نے کہا پنجاب میں ٹیکس نیٹ کے پھیلاؤ اور ٹیکس سسٹم میں شفافیت کیلئے پراپرٹی ٹیکس کی رجیم میں تبدیلی لائی جا رہی ہے۔ صحت کے شعبہ میں انقلابی منصوبے متعارف کروائے جا رہے ہیں۔تعلیمی میدان میں سکولوں کی حالت زار میں بہتری اور طالب علموں کی تدریسی اور غذائی ضروریات پوری کی جا رہی ہیں ۔
وفاقی ، پنجاب حکومت کاروباری آسانیوں کیلئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے:وزیرخزانہ
Nov 05, 2024