لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوسرے راؤنڈ کے چوتھے اور آخری دن سیالکوٹ نے کوئٹہ کو10 وکٹوں سے ہرادیا۔ پشاور نے بہاولپور کو 181 رنز سے شکست دی۔ لاہور بلوز نے کراچی بلوز کیخلاف 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ ایبٹ آباد نے فیصل آباد کیخلاف میچ 134 رنز سے جیتا۔پشاور کے نیاز خان نے بہاولپور کیخلاف میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایبٹ آباد کے اسرار حسین نے فیصل آباد کے خلاف دوسری اننگز میں6 وکٹیں حاصل کیں۔ملتان میں سیالکوٹ کو کوئٹہ کے خلاف جیتنے کیلئے 37 رنز کا ہدف ملا تھا جو بغیر نقصان کے حاصل کرلیا۔ کوئٹہ کی ٹیم دوسری اننگز میں 212 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسامہ میر نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ اسلام آباد میں فیصل آباد کو ایبٹ آباد کیخلاف جیتنے کیلئے 420 رنز کا ہدف ملا لیکن پوری ٹیم 285 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ اسرار حسین نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ لاہور میں لاہور بلوز کو کراچی بلوز کیخلاف جیتنے کیلئے 206 رنز کا ہدف ملا جو 6 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔حماد بٹ 78 رنز کیساتھ قابل ذکر رہے۔ ایبٹ آبادمیں بہاولپور کو پشاور کیخلاف جیتنے کیلئے344 رنز کا ہدف ملا لیکن ٹیم 162 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ نیاز خان نے 4 وکٹیں حاصل کیں‘ انہوں نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں۔