لاہور (خصوصی نامہ نگار )نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے پنجاب یونیورسٹی کے سابق طلبہ رہنما اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما غلام عباس کے بیٹے کی دعوتِ ولیمہ تقریب اور منڈی بہاؤ الدین کے معروف بزنس مین، اوورسیز پاکستانیز کے رہنما احسان اللہ ساہی کے بیٹے کی تقریبِ ولیمہ میں خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکی انتخابات میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہوں یا کمیلا ہیرس، پاکستان کو کملا بنائے رکھنا امریکہ کی مستقل حکمت عملی اور پالیسی ہے۔ امریکہ اپنے مفادات کے تحفظ اور توسیع کیلئے پوری دنیا پر راج کا ہر حربہ استعمال کرتا ہے۔ عالمی قوتوں کے مقابلہ اور عالمی برادری میں باوقار مقام حاصل کرنے کیلئے پاکستان میں سیاسی، اقتصادی، عدالتی استحکام ناگزیر ہے۔ اندرونی انتشار، فساد اور عدم استحکام ترقی کی ہر راہ کو مسدود کردیتا ہے۔ حکمران عوام، بالخصوص نوجوانوں کو مایوسی سے بچائیں۔ لیاقت بلوچ نے تبلیغی جماعت کے سالانہ اجتماع میں شرکت کیلئے آئے ہوئے بلوچستان، خیبرپختونخوا اور شمالی پنجاب کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا رائیونڈ تبلیغی اجتماع اسلامیانِ پاکستان کیلئے ہوا کا تازہ جھونکا ہوتا ہے۔
دنیا میں باوقار مقام کیلئے سیاسی، اقتصادی، عدالتی استحکام ناگزیر ہے:لیاقت بلوچ
Nov 05, 2024