لاہور (خصوصی نامہ نگار ) سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈاپور نے کہا بد قسمتی سے پاکستان ان 7 ممالک میں شامل ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ گلے اور سانس کی بیماریوں،فالج اور آنکھوں کی بیماریوں کی بنیادی وجہ بھی فضائی آلودگی ہے۔ ماحولیاتی آلودگی کی بڑی وجہ قوانین پر عملدرآمد نہ ہونا ہے۔جس کی وجہ سے انسانی زندگی اجیرن ہو گئی ہے۔ لاہور سمیت مختلف شہروں میں ائیر کوالٹی انڈیکس7سو کی حد بھی عبور کر گیا ہے۔لاہور جو کبھی باغوں کا شہر کہلاتا تھا اس وقت فضائی آلودگی میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ فضا کے تیزی سے خراب ہوتے معیار میں بہتری کیلئے قومی اور صوبائی قوانین موجود ہیں مگر ان پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔ اسلامی تعلیمات کی بنیاد صفائی، طہارت اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے پر مبنی ہے۔ پیغمبر اسلام حضور اکرمؐ نے صفائی کو نصف ایمان قرار دیکر ماحول، معاشرے اور انسانی بدن کی صفائی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ ماحولیاتی نظام کو بہتر بنانے کیلئے اسلامی تعلیمات درخت کو انسانی حیات کی بقاء کا اہم ذریعہ قرار دیتی ہیں۔ قرآن مجید کی مختلف آیات مبارکہ نے زمین پر درختوں کے لگانے اور ان کی نفع بخشی کا ذکر کیا ہے۔
پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہاہے:خرم نواز گنڈاپور
Nov 05, 2024