یو ایم ٹی نے ڈاکٹر حسن صہیب مراد پی ایچ ڈی فیلو شپ پروگرام کا اعلان کر دیا 

Nov 05, 2024

لاہور(لیڈی رپورٹر) یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) نے ڈاکٹر حسن صہیب مراد پی ایچ ڈی فیلو شپ پروگرام کے آغازکا اعلان کردیا ہے، جس میں مکمل فنڈڈ پی ایچ ڈی سکالرشپس فراہم کی جائیں گی۔یہ فیلو شپ مختلف شعبوں جیسے کیمسٹری، کلینیکل سائیکالوجی، کمپیوٹر سائنس، الیکٹریکل انجینئرنگ، فوڈ ٹیکنالوجی، مینجمنٹ، ریاضیات اور ٹیکسٹائل میں حاصل کی جا سکتی ہے۔ فیلو شپ پروگرام کے تحت داخلہ اور ٹیوشن فیس مکمل طور پر معاف کی جائے گی تاکہ قابل طلباء کو مالی بوجھ سے آزاد کیا جا سکے۔ اس پروگرام میں داخلہ لینے والے طلباء  کو ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا جائے گا جس سے انکی مالی معاونت ہوگی اور وہ اپنی تعلیم و تحقیق پر توجہ مرکوز کرسکیں گے۔ ڈاکٹر حسن صہیب مراد پی ایچ ڈی فیلو شپ کا بنیادی مقصد اعلیٰ تعلیم اور تحقیقی کلچر کو فروغ دینا ہے۔ صدر یو ایم ٹی ابراہیم حسن مراد نے کہا ہونہار طلباء ڈاکٹر حسن صہیب مراد پی ایچ ڈی فیلو شپ پروگرام کے ذریعے مفت پی ایچ ڈی کی سہولت حاصل کر سکیں گے۔ تحقیق پر مبنی اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینا یو ایم ٹی کی اولین ترجیح ہے۔ یو ایم ٹی ملک میں تحقیق پر مبنی اعلیٰ تعلیمی معیار کو بلند کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں