عدالتی حکم کے باوجود عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر

Nov 05, 2024 | 12:03

 عدالتی حکم کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی رہنماؤں سے ملاقات نہ کرانے پر توہینِ عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ اور فیصل چوہدری کے ذریعے درخواست دائر کی، درخواست میں سیکرٹری داخلہ، ہوم سیکرٹری پنجاب اور سپریٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدالتی حکم کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دستخط سے ملاقات کرنے والوں کی فہرست دی، عمر ایوب، شبلی فراز، اسد قیصر سمیت چھ رہنماؤں کی فہرست دی گئی، پی ٹی آئی رہنماؤں کو کئی گھنٹے انتظار کرانے کے باوجود عمران خان سے ملاقات نہیں کرائی گئی، عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرنے پر توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے. دوسری طرف توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان کی درخواستِ ضمانت پر عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیا اور ان سے جواب طلب کیا ہے، سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کردی دی گئی، اسلام آباد ہائی کورٹ میں توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی، جس میں عدالت نے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت پر سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔واضح رہے کہ اسپیشل جج سینٹرل نے بانی پی ٹی آئی کی ضمانت مسترد کردی تھی جب کہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت منظور ہو چکی ہے، عدالت نے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کے لیے ملتوی کردی، کیس کی آئندہ تاریخ رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔

مزیدخبریں