راولپنڈی(آئی این پی)می مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اس حکومت کا کوئی مستقبل نہیں، ان کے برے دن شروع ہو چکے ہیں،کچھ بڑا ہونے والا ہے اس لئے سب باہر بھاگ رہے ہیں ۔راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ پی آئی اے کو ایسے بیچ رہے ہیں جیسے لو ٹ کا مال ہے، اپنے فلیٹس بیچیں، پہلے اپنے فلیٹس سے شروعات کریں، ان کے برے دن آرہے ہیں، آپ دیکھیں گے لوگ ان کے ساتھ کیا سلوک کرتے ہیں۔شیخ رشید نے کہا پتہ نہیں مجھے لیکن کچھ ہونے والا ہے کچھ بڑا ہونے والا ہے، اسی لیے کسی کا پائوں ٹوٹ گیا ہے کسی کو فریکچر ہو گیا ہے اور کسی کے پیٹ میں درد ہے سب باہر بھاگ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کو شکست فاش ہوگی، ریڑھی والا اور قلفی والا تو بیچارہ دیہاڑی نہیں لگا سکتا، سٹیٹ بینک یا ایف بی آر ثابت کرے ان کے دوروں سے ایک ڈالر بھی ملا ہو، انہوں نے چین کو ناراض کیا ہے، خارجہ امور نے چین سے متعلق غلط زبان استعمال کی۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 24کروڑ عوام ان کے اس عمل کو مسترد کرتے ہیں، عوام چین کے ساتھ ہے، امریکا کا الیکشن پاکستان سمیت ساری دنیا پر اثر ڈالتا ہے، ایران اور چین نے اپنی فوج کو تیاری کا حکم دیا ہے۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سارے ملک میں زمین کی خریدو فروخت نہیں ہورہی، ٹیکس کی وجہ سے ہائوسنگ سوسائٹیوں میں کام رک گئے ہیں، جہاں سوسائٹی بن رہی ہے اس کی کرین وہیں کھڑی ہے۔ شیخ رشید احمد نے کہا انتظار پنجوتھا واپس آ گئے۔ قوم کا خوف ختم ہوچکا ہم نے بھی 40 دن چلہ کاٹا صحت ابتک ٹھیک نہیں لیکن بزدل آدمی 100 بار مرتا ہے اور مضبوط آدمی ایک بار مرتا۔
حکومت کا کوئی مستقبل نہیں،ان کے برے دن شروع ہو چکے:شیخ رشید
Nov 05, 2024