لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے خلاف متفرق درخواست پر اوگرا سمیت دیگر فریقین سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے جوڈیشل ایکٹوزم پینل کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں وفاقی حکومت، اوگرا سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور عدالت کو بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے مہنگائی میں اضافہ ہو گا۔ بین الاقوامی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہو رہا، درخواست گزار کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ لاہور ہائیکورٹ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو کالعدم قرار دے۔