190ملین پائونڈ کیس، عدالت کی بشریٰ کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ

اسلام آباد(این این آئی)190ملین پاؤنڈ کیس میں عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ دے دی اور کہا ہے کہ اگلی سماعت پر جرح نہ کی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔تفصیلات کے مطابق پیرکو بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف 190ملین پاؤنڈ ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا کے روبرو ہوئی۔ عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشری بی بی عدالت پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچی۔ بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے۔عدالت میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور ڈاکٹر عظمیٰ موجود تھیں، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ، بیرسٹر سیف، خالد یوسف چوہدری بھی عدالت میں موجود تھے۔معاون وکیل فیصل چوہدری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔ نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے کہا کہ36سماعتیں ہوچکی ہیں بشریٰ بی بی کے وکیل جرح مکمل نہیں کررہے، کیس کو غیر ضروری طول دیا جارہا ہے وکیل صفائی کا جرح کا حق ختم کیا جائے، دس بجے سماعت کا وقت ہے وکیل صفائی پیش کی نہیں ہوئے۔عدالت نے وکلا صفائی کو بدھ کے روز دس بجے تک جرح کرنے کا آخری موقع دیا اور وارننگ دی کہ آئندہ سماعت پر جرح نہ کی گئی تو جرح کا حق ختم کردیں گے۔عدالت نے ریفرنس کی سماعت 6نومبر صبح دس بجے تک ملتوی کردی۔

ای پیپر دی نیشن