اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) قائم مقام صدر سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث پاکستان کو بڑے چیلنجز کا سامنا ہے جو ملک میں پائیدار ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوششوں سے ملک ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے تاہم ماحولیاتی چیلنج بدستور ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی کے زیر اہتمام "نازک صورتحال سے استحکام کی جانب: پائیدار ترقی کو فروغ دینا" کے موضوع پر 27ویں پائیدار ترقی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کے دوران کیا۔ جس کا انعقاد وزارت موسمیاتی تبدیلی کے تعاون سے کیا ۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ قومی پالیسی برائے ماحولیاتی و پائیدار ترقی میں غربت کے خاتمے، خواتین کو بااختیار بنانے، زراعت، آبی وسائل اور توانائی کے موثر استعمال کیلئے جامع حکمت عملی وضع کی گئی ہے۔ خوراک کے تحفظ پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے ایک ایسے نظام کی ضرورت پر زور دیا جو ماحولیاتی تبدیلی کو برداشت کرتے ہوئے غذائی تحفظ کو یقینی بنا سکے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے موسمیاتی تبدیلی کے شدید اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیا کے 75 کروڑ افراد گزشتہ دو دہائیوں میں قدرتی آفات سے متاثر ہوئے ہیں۔