ہماری صلاحیتوں کو چند میزائلوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا : ایران

Nov 05, 2024 | 12:11

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اپنا پیغام کئی بار دہرا چکا ہے اور دوسرے فریق سے مطالبہ کر چکا ہے کہ وہ ایران کے ارادے کو نہ آزمائے اور اس کی صلاحیتوں کو کم تر نہ سمجھے۔ایرانی خبر رساں ایجنسی IRNA کے مطابق عراقچی نے یہ بات پاکستانی دار الحکومت اسلام آباد پہنچنے کے بعد ایک بیان میں کہی۔ عراقچی کے مطابق ایران ماضی میں امتحانوں میں کامیاب رہا ہے اور اگر کسی نے اس کو آزمایا تو وہ نتائج بھگت لے گا۔انھوں نے واضح کیا کہ ایران کی صلاحتیں درآمد شدہ نہیں ہیں اور ان کو چند میزائلوں سے ختم نہیں کیا جا سکتا۔عباس عراقچی آج منگل کے روز پاکستانی ہم منصب محمد اسحاق ڈار سے ملاقات کریں گے۔ اسی طرح ان دونوں شخصیات کی قیادت میں ایران اور پاکستان کے وفدوں کا اجلاس منعقد ہو گا۔

جارحیت میں اضافے کا خدشہ
واضح رہے کہ اسرائیل نے گذشتہ ماہ 26 اکتوبر کو ایران کے 3 صوبوں میں فضائی حملہ کیا تھا۔ اس دوران میزائلوں کی تیاری اور داغے جانے کے مقامات کے علاوہ فضائی دفاعی نظام (S-300) کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ادھر ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے اتوار کے روز باور کرا چکے ہیں کہ ان کا ملک اسرائیلی حملے کو بنا جواب دیے نہیں چھوڑ سکتا۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ ایران ابھی تک جوابی کارروائی کے طریقہ کار غور کر رہا ہے۔ پزشکیان کے مطابق "غزہ اور لبنان میں فائر بندی کی صورت میں ہمارے جواب کی نوعیت اور شدت تبدیل ہو سکتی ہے"۔دوسری جانب امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ حالیہ دنوں میں تہران کو خبردار کر چکی ہے کہ وہ جوابی کارروائی سے گریز کرے، ساتھ ہی واضح کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو قابو کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکے گا۔ اس بات کا انکشاف معاملے سے با خبر سابق امریکی اور اسرائیلی ذمے داران نے کیا۔

مزیدخبریں