لاہور (خصوصی نامہ نگار) متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے عدالتی حکم کے بعد کرایوںکو مارکیٹ کے مطابق کرنے کے خلاف مختلف شہروں میںکرائے داروں کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ گزشتہ روز کراچی و بنو ں کے مختلف مقامات پر احتجاج کئے گئے۔ بنوں میں تاجروں نے اپنے بچوں کے ساتھ احتجاج کیا، متروکہ وقف املاک بورڈ کے کرائے دار تاجروں نے احتجاج کیا۔ کاروبار ختم ہو رہے ہیں اور ہندوؤں اور سکھوں کی چھوڑی ہوئی جائیدادوں کا سرپرست محکمہ کمرشل بنیادوں پر کرائے بڑھانا چاہتا ہے۔ عتیق میر چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد نے کہا کہ متروکہ وقف املاک کی زیرِانتظام جائیدادوں کے کرایوں میں اضافے کا دہرا نظام مسترد کرتے ہیں۔ متروکہ وقف املاک کے افسران کی صوابدید پر کرایوں میں اضافے سے رشوت کا بازار گرم ہو جائے گا۔ جائیدادوں کا کرایہ 6سال تک 8فیصد اضافے کے علاوہ افسران کی صوابدید پر بھی بڑھایا جائے گا۔ کرایوں میں اضافے کا ترمیمی آرڈیننس2006ء فی الفور واپس نہ لیا گیا تو ملک گیر احتجاج ہو گا۔