لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم سے محلاتی سازشوں کا دور ختم ہو جائے گا اور ملک میں سیاسی استحکام آئے گا۔ منتخب وزرائے اعظم کو گھر بھیجنے کا راستہ ہمیشہ کیلئے بند ہو جائے گا۔ تاہم ترمیم کے مقاصد پورے ہونے کی راہ میں ابھی رکاوٹیں موجود ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے پارٹی کی صوبائی کابینہ اور ضلعی امرا و ناظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی عدلیہ نے جمہوریت کی مضبوطی کیلئے کام نہیں کیا۔ جمہوریت کو نقصان البتہ ضرور پہنچایا ہے۔ اس نے ڈکٹیٹروں کو حکمرانی کا جواز بخشا۔ حتیٰ کہ انہیں آئین میں ترمیم کا اختیار بھی دیا جو صرف منتخب پارلیمان کا استحقاق ہے۔