راولپنڈی‘فتح جنگ(اپنے سٹاف رپورٹر سے‘نامہ نگار)گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان ایک روزہ دورے پر کوئٹہ پہنچے۔کوئٹہ ائیرپورٹ پر بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے ارکان اور وزیر اعلی نے وزیر اعلی ہائوس بلوچستان میں ان کا استقبال کیا۔ گورنرپنجاب سردار سلیم خان اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے درمیان بلوچستان ہائوس میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں پنجاب اور بلوچستان کے درمیان روابط مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پنجاب اور بلوچستان میں پیپلزپارٹی کے کارکنوں، عہدیداران اور کارکنوں کومتحرک کرنے اور ساتھ لے کر چلنے پر اتفاق کیا گیا دونوں رہنماں نے ملاقات میں صدر آصف علی زرداری کی جلد صحتیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔اس موقع پر بلوچستان کی صوبائی کابینہ کے ارکان بھی موجود تھے۔فتح جنگ ‘گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب عوام کیلئے آواز اٹھائی۔ بھٹو شہید نے پاکستانی تاریخ میں پہلی مرتبہ غریب مزدور اور کسان کو وڈیروں کے مقابلے میں کھڑا کیا۔ پاکستان اگلا عوامی وزیر اعظم بلاول بھٹو ہونگے وہ گذشتہ روز حطار میں ملک ظفری کے زیر اہتمام ظہرانے سے خطاب کر رہے تھے۔ گورنر پنجاب نے اپنی تقریر کے دوران نام لیے بغیر لیگی ایم این اے کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ صبح شام پارٹیاں اور وفا داریاں بدلنے والے فارم 47کی پیداوار کس منہ سے عوام کا سامنا کرتے ہیں۔