شیخوپورہ: شہر میں جگہ جگہ رکشہ سٹینڈز قائم ‘ شہریوں کومشکلات

Nov 05, 2024

شیخوپورہ(نمائندہ نوائے وقت)شہر میں جگہ جگہ قائم مسافر رکشوں کے اڈے ٹریفک کی روانی میں تعطل کا باعث بنے ہوئے ہیں جس سے پیدا ہونے والے غیر معمولی رش نے شہریوں کی سفری مشکلات مزید بڑھا دی ہیں، شہریوں کے مطابق ایک طرف مین شاہراؤں اور لنک روڈز پر تجاوزات کی بھرمار ہے تو دوسری طرف رہی سی کسر رکشہ سٹینڈز نے نکال دی ہے مین لاہور سرکودھا روڈ پر ہاؤسنگ کالونی بائی پاس سے چلڈرن ہسپتال تک 20 سے زائد مقامات پر رکشہ سٹینڈز قائم ہیں جہاں ہمہ وقت رکشوں کے بے ہنگم کھڑے رہنے سے ٹریفک کی روانی میں شدید خلیل پیدا ہورہا ہے سب سے ابتر صورتحال بتی چوک کے چاروں اطراف کی ہے، خادم حسین روڈ، بھکھی روڈ، سول کوارٹرز روڈ، جہاز چوک، امام بارگاہ چوک، چھتری چوک و دیگر بازاروں اور تجارتی مراکز میں بھی بعض افراد نے رکشہ سٹینڈ بنا رکھے ہیں۔ شہریوں کے مطابق رکشہ سٹینڈز کو ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کے بعض ملازمین کی سرپرستی حاصل ہے ، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اور ڈی پی او بلال ظفر شیخ سے رکشہ سٹینڈ ز کے خاتمہ کا مطالبہ کیا ہے تاہم ضلعی انتظامیہ اورٹریفک پولیس کے ذرائع نے رکشہ سٹینڈز مالکان کی سرپرستی وبھتہ خوری کے الزام کی تصدیق نہ کی ہے۔

مزیدخبریں