حکومت نے آئندہ سال کیلئے حج پیکج تقریباً 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے منظور کی گئی حج پالیسی 2025ء کے تحت اگلے سال ایک لاکھ 79 ہزار210 عازمین حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، وفاقی کابینہ منظور شدہ ڈرافٹ وزارت مذہبی امور کو بھجوائے گی جس کے بعد وزارت مذہبی امور حج پالیسی 2025ء کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ حج پالیسی کے تحت حج کوٹہ گورنمنٹ سکیم اور پرائیویٹ حج سکیم میں 50 فیصد کے تناسب سے تقسیم کیا جائے گا، سرکاری حج پیکج 10 لاکھ 65 ہزار سے 10 لاکھ 75 ہزار کے درمیان ہوگا، کابینہ کی منظوری کے بعد حج درخواستوں کی وصولی کا شیڈول جاری ہوگا، خواہشمند بینکوں سے 25 اکتوبر تک کوائف طلب کیے جائیں گے۔ حکومتی اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ حج پالیسی کے تحت 12 سال سے کم عمر بچوں کو حج کیلئے سفر کی اجازت نہیں ہوگی، حجاج کو بہتر سہولیات کی فراہمی کی نگرانی کیلئے ناظم کا نیا عہدہ مقرر کیا گیا ہے، ہر 100 حجاج کے لیے ایک ناظم مقرر ہو گا، دوران حج انتقال کرنےو الوں کیلئے معاوضہ 20لاکھ کر دیا گیا، دوران حج زخمی ہونے والوں کو 10 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزارت مذہبی امور کی جانب سے غریب و متوسط افراد سے حج اخراجات قسطوں میں لینے کی تجویز پیش کی گئی ہے، اس کا مقصد ملک میں مقیم غریب و متوسط افراد کے لیے حج کو قابل رسائی بنانا ہے، اسی لیے حج پر جانے والے افراد سے اخراجات کی اقساط میں وصولی کی تجویز حج پالیسی میں شامل کی گئی ہے، جس کے تحت عازمین حج کو 11 لاکھ روپے 3 اقساط میں ادا کرنے کی سہولت ہوگی۔ بتایا جارہا ہے کہ ادائیگی کے مجوزہ ڈھانچے کے تحت حج کے خواہشمند افراد اپنی درخواست دیتے وقت ابتدائی طور پر اس کے ساتھ 2 لاکھ روپے جمع کرائیں گے، قرعہ اندازی میں نام آنے کے بعد انہیں 4 لاکھ روپے اضافی ادا کرنا ہوں گے، باقی رقم روانگی سے پہلے ادا کی جائے گی، قسطوں میں ادائیگی کا نظام آئندہ حج پالیسی میں کم اور درمیانی آمدنی والے طبقوں کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تجویز کیا گیا ہے
حج پیکج تقریباً 10 لاکھ 75 ہزار روپے مقرر کرنے کا فیصلہ
Nov 05, 2024 | 18:51