فواد چوہدری کی اہلیہ نے فلک جاوید کیخلاف ایف آئی اے میں درخواست دائر کردی

Nov 05, 2024 | 18:59

 سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی اہلیہ نے پی ٹی آئی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ فلک جاوید خان کے خلاف ایف آئی اے میں درخواست دائر کردی۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد کے نام درخواست میں کہا گیا ہے کہ سائلہ اسلام آباد کی رہائشی ہے، جس کے خلاف فلک جاوید خان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان بازی کی، جھوٹے، فرضی و من گھڑت الزام لگائے، سائلہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور سائلہ کی عزت و شہرت کو شدید نقصان پہنچایا۔ فواد چوہدری کی اہلیہ کا درخواست میں کہنا ہے کہ فلک جاوید نے جانتے بوجھتے ہوئے غلط، جھوٹے، بہتان پر بنی الزامات لگا کر سوشل میڈیا کا سہارا لیتے ہوئے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے بیان جاری کیا، اس سے میری اور میرے شوہر کی عزت کو عوام الناس، عزیز و اقارب کی نظر میں خراب کرنے کی غرض سے شدید نقصان پہنچایا جو کہ قابل دست اندازی پولیس جرم ہے، لہذا استدعا ہے کہ الزام علیہا اور اس کے تمام ساتھی جو اس جرم میں شریک ہیں ان کے خلاف مقدمہ درج کرکے قرار واقعی سزادی جائے۔ حبا فواد نے درخواست کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر مجھ پر ذاتی نوعیت کے الزامات لگائے گئے لیکن ایسے تو نہیں چلے گا، آپ کو گھر تک چھوڑ کر آنے کا بندوبست کرلیا ہے، میں نے ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرنےکی درخواست دائر کردی ہے، الزامات لگائے ہیں تو ثابت کرو ورنہ عدالتی کاروائی کے لیے تیار ہوجاؤ، ایسے افراد کو سبق سکھانا ہوگا جو پی ٹی آئی کے لیے بھی باعث شرمندگی بن رہے ہیں۔ ادھر صوبائی وزیر اطلاعات و لیگی رہنما عظمیٰ بخاری کی جعلی ویڈیوز وائرل کرنے کے کیس میں بھی فلک جاوید کی مشکلات میں اضافہ ہوچکا ہے کیوں کہ عدالتی حکم پر ایف آئی اے نے فلک جاوید سمیت مفرور ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی، مفرور ملزمان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیداد کی تفصیلات کیلئے متعلقہ محکموں کو مراسلے جاری کردیئے گئے۔

مزیدخبریں