سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہم پر انصاف اور ریلیف دینے والا ہر دروازہ بند کردیا گیا ہے، اب ہماری اصل مزاحمت قانون سازی کے ذریعے عدلیہ پر حملے کیخلاف ہوگی۔ انہوں نے لاہور پریس کلب میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم پر ہر وہ دروازہ بند کر دیا گیا ہے جو ہمیں انصاف اور ریلیف دے گا اب اگر مجھے یا آپ کو اٹھا لیا گیا تو وہ ہی حشر ہوگا جو انتظار حسین پنجوتھہ کا ہوا، کیا یہ ہمارا مستقبل پے؟ کیا پاکستان اس لئے وجود میں آیا تھاکہ ہم بھیڑبکریوں جیسی زندگی گزاریں، یہ ہمارے سامنے سوال ہے کہ ہماری زندگی کا کیا ہوگا؟ اس وقت ایک لمحے کیلئے پی ٹی آئی کو بھول جائیں کہ سیاسی جماعت ہے، بلکہ بطور قوم ہمیں سیاسی تفرقے سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ کل کی قانون سازی عدالت پر حملہ ہے، ہماری اصل مزاحمت اس حملے کے خلاف ہوگی جو عدلیہ پر کیا گیا، اب ہمیں بطور قوم سوچنا ہوگا کہ ہمیں محکوم رہنا ہے یا آگے بڑھ کر آزادی حاصل کرنا ہے۔ مزید برآں ایکس پر جاری اعلامیہ پی ٹی آئی کے مطابق سروسز چیفس کی مدتِ ملازمت میں توسیع سمیت دیگر اہم معاملات پر پارلیمان سے قانون سازی کا معاملہ، پاکستان تحریک انصاف نے قانون سازی کے حکومتی انداز پر کڑی تنقید کی۔ حکومتی طرزِعمل کو پوری ریاستی اور انتظامی ڈھانچے کی تباہی و بربادی کا ذمہ دار قرار دے دیا۔ میںنڈیٹ چوری کے بنیادوں پر قائم کٹھ پتلی سرکار پورے ریاستی نظام اور انتظامی ڈھانچے کی تباہی کی راہ پر گامزن ہے، انتخاب ہارے ہوئے اراکین کو پارلیمان میں بھر کر ایوان کو مقتدرہ کے اشاروں پر ناچنے والے سرکس میں بدل دیا گیا ئے، آئین میں سیاہ ترین ترامیم اور نہایت مبہم شخصی اغراض و مقاصد پر مبنی قانون سازی سے پارلیمان کا پورا ادارہ زمین بوس ہوکر رہ گیا ہے۔ مینڈیٹ چور سرکار کی جانب سے آج تک ایوان سے زور زبردستی یا سازش اور چالاکی سے منظور کروایا گیا ہر قانون قابض اشرافیہ کے مفادات کے تحفظ کیلئے ہے۔ ترجمان پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ تحریک انصاف نے پارلیمان کے دونوں ایوانواں سے کل منظور کروائے گئے تینوں قانونی مسوّدوں کو پوری شدت سے نامنظور اور مسترد کیا، اس تازہ ترین حکومتی قانون سازی سے افواج پاکستان اور نظامِ عدل پر منفی اثرات کے امکانات ہیں جس کا براہِ راست اثرات ریاست اور قومی مفاد پر مرتب ہوں گے، حسّاس معاملات پر بغیر بحث و تمحیص قانون سازی کے کلچر نے ماضی میں بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے، ملک پر مسلّط قبضہ اور ایکسٹینشن مافیا کے قدم نہ روکے گئے تو پاک سرزمین کو 24 کروڑ پاکستانیوں کیلئے آخری حدوں تک تنگ کر دیں گے۔ قوم تیاری کرے، ایوانوں کو مینڈیٹ چوروں اور قبضہ و ایکسٹینشن مافیا سے نجات دلانے کیلئے میدانِ عمل ہمارا منتظر ہے۔