اپنے گھر کے خواب کو تعبیر مل گئی- وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا ویژن، اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کامیابی سے جاری ہے، ”اپنی چھت، اپنا گھر“پروگرام کے تحت 850 سے زائد درخواست دہندگان کو پہلی قسط کی ادائیگی مکمل ہوگئی ہے، پنجاب بھر میں مختلف شہریوں کو” اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کے تحت گھر بنانے کے لئے 60 کروڑ روپے مل گئے۔ ”اپنی چھت،اپنا گھر“ پروگرام کے تحت پہلے مرحلے میں قرض حاصل کرنے والے شہریوں کے بیشتر گھر تکمیل کے قریب پہنچ گئے اور21 اگست سے 31 اگست تک درخواست دینے والوں کی تصدیق کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ارکان اسمبلی کو ڈپٹی کمشنر کے ساتھ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت گھر بنانے والے شہریوں کے پاس خود جانے کی ہدایت کی۔ ارکان اسمبلی اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے درخواست دہندگان کوگھر گھر جاکر وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے مبارکباد کا خصوصی لیٹر بھی دیں گے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے خصوصی لیٹر میں اپنی چھت، اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کی رقم منظور ہونے پر مبارکباد دی ہے۔وزیراعلی مریم نوازشریف نے تہنیتی خط میں لکھا کہ”اپنی چھت، اپنا گھر“ پروگرام کی پہلی قسط اکاؤنٹ میں منتقل ہونے کے بعدآپ اپنے گھر کی تیزی سے تعمیر کا آغاز کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے خواہش کااظہار کیا کہ دعا ہے کہ ہر بے گھر پاکستانی کو گھر کی نعمت میسر ہو۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے مزید لکھا کہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں محمد نوازشریف، محمد شہبازشریف اور ہم سب آپ کے ہمقدم ہیں۔ مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سونامی سے آگاہی سے متعلق عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سونامی جیسی قدرتی آفات، فطری عوامل ہیں اور موسمیاتی تبدیلی سے آفات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان بھی کلائیمٹ چینج کے سنگین مسئلہ سے دو چار ہیں، قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کرنی ہوگی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ سونامی کی تباہی سے نمٹنے کے لئے ہمیں بین الاقوامی تجربات سے سیکھنا اور اپنی حکمت عملی کو مضبوط بنانا ہے۔ حکومت پنجاب نے جامع کلائیمٹ پالیسی متعارف کرائی ہے جس میں قدرتی آفات میں انسانی جان ومال کا تحفظ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ عوام میں قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے باقاعدہ آگاہی پروگرامز کا انعقاد کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ ناگہانی صورتحال میں شہری حفاظتی اقدامات سے آگاہ ہونا چاہیے۔ پنجاب میں انفراسٹرکچر کی تعمیر میں زلزلے کے نقصانات سے بچاؤ کی تکنیک کو اپنایا جاررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے شہری حکومت کا ساتھ دیں، دنیا کو یکجا ہو کر قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔