بلوچستان کے علاقے قلات میں منگوچرکے مقام پر نامعلوم افراد نے نیٹو کے دو کنٹینرزکو آگ لگادی جبکہ اسلام آباد میں نیٹوٹینکرز پرحملے کی تحقیقات جاری ہیں ۔

بلوچستان کے ضلع قلات میں منگوچر کے مقام پر نامعلوم افراد کی کارروائی میں نیٹو کے دونوں آئل ٹینکرجل کرخاکستر ہوگئے ۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکاروں نے علاقے کا محاصرہ کرکے ملزموں کی تلاش شروع کردی۔ دوسری طرف اسلام آباد میں نیٹو فورسز کو تیل سپلائی کرنے والے ٹینکرز پرحملے کا مقدمہ دہشت گردی ایکٹ کے تحت نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کے قریب سے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والی دوموٹرسائیکلیں قبضہ میں لے کر تحقیقات شروع کردی ہیں۔ تھانہ سہالہ کے علاقے ڈی ایچ اے فیز ٹو کے قریب اتوار کی رات  دس سے بارہ افراد نے نیٹو آئل ٹینکرز پرحملہ کردیا تھا جس میں چارآئل ٹینکرز مکمل طور پر تباہ ہوگئے تھے۔ دہشتگردی کی اس واردات میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی بھی ہوئے تھے۔  دوسری طرف  تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان اعظم طارق نے نامعلوم مقام سے غیر ملکی خبر رساں ادارے کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نیٹو کو تیل اور دیگرسامان سپلائی کرنے والے کنٹینرز اور ٹینکرز پر حملے ان کی تنظیم نے کئے ہیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وہ نیٹو کی سپلائی پر مستقبل میں بھی حملے جاری رکھیں گے۔

ای پیپر دی نیشن