مسلم لیگ نون کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سہیل ضیاء بٹ نے نیب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اور ضمانت پررہائی کےلیے لاہور ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کررکھی ہیں ۔ گذشتہ سماعت پر لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس افتخارحسین چوہدری کی سربراہی میں قائم دو رکنی بنچ نے اپیلوں کی سماعت کرنے سے معذرت کرتے ہوئے فائل چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ کو بھجوادی تھی ۔ اس پرچیف جسٹس خواجہ محمد شریف نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز احمد چوہدری اورجسٹس شیخ احمد فاروق پر مشتمل بنچ تشکیل دے دیا ہے۔ یہ بنچ سہیل ضیاء بٹ کی اپیلوں کی سماعت گیارہ اکتوبر کو کرے گا۔